۵ آذر ۱۴۰۳ |۲۳ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 25, 2024
سید ظفر علی شاہ نقوی

حوزہ / مدیر دفتر قائد ملت جعفریہ قم نے کہا: ہم جامعہ مسجد امامیہ پشاور میں نمازیوں کے سفاکانہ اور بزدلانہ قتل عام و دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ اور شہداء کے لواحقین کو تسلیت وتعزیت پیش کرتے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان شعبہ قم کے مدیر جناب حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید ظفر علی شاہ نقوی نے اپنے ایک بیان میں پشاور کے کوچہ رسالدار کی جامعہ مسجد امامیہ میں بے گناہ شیعہ مسلمان نمازیوں کے قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا: یہ دھشت گردی حکومت کی غفلت، بے توجہی اور ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا: حکومتی نااہلی کی وجہ سے مملکت خداداد پاکستان میں صہیونی دھشت گرد و اسلام دشمن عناصر ایک طویل عرصہ سے مسلمانوں کا باقاعدہ منصوبہ بندی کے ساتھ قتل عام کر رہے ہیں۔ اگر حکومت نے شیعہ نسل کشی کی اس مذموم سازش کا فوری سدباب نہ کیا تو ملکی سالمیت خطرے میں پڑ سکتی ہے اور دھشت گردی کی یہ آگ صرف ایک صوبہ یا شہر تک محدود نہیں رہے گی بلکہ پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔

حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید ظفر علی شاہ نقوی نے کہا: ہم حکومت سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ اس ناسور کو جڑ سے کاٹ دیا جائے اور دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ کے لئے ناکام بنایا جائے۔ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہے۔ دھشت گرد شیعہ اور اہلسنت دونوں کے مشترکہ دشمن ہیں۔

انہوں نے کہا: بیرونی دشمن پاکستان کی سالمیت اور استحکام کو ٹوڑنے کی سازش کر رہاہے تو ان کو لگام دینا اور بے نقاب کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ حکومت وقت سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ پشاور میں نمازیوں کو شہید کرنے والے دھشت گردوں کو فوری گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دے کر نشان عبرت بنایا جائے۔ وگرنہ مستقبل میں رونما ہونے والے تمام سفاکانہ و دہشتگردانہ واقعات و سانحات کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا: ہم اس ظلم و بربریت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور اس انسانیت سوز سانحہ کے شہداء بالخصوص خطیب جامع مسجد امامیہ پشاور حجت الاسلام والمسلمین جناب ارشاد حسین خلیلی اور شیعہ علماء کونسل کے فعال راہنما اور ذاکر اہلبیت جناب مجاہد علی اکبر آخونزادہ اور ذاکر اہلبیت آخونزادہ مظہر علی ممتاز کی مظلومانہ شہادت پر امام زمانہ عجل الله تعالی فرجہ الشریف، رہبر معظم انقلابِ اسلامی، مراجع عظام، قائد ملت جعفریہ پاکستان، جہان اسلام کے تمام مسلمانوں اور ملت جعفریہ پاکستان بالخصوص شہداء کے لواحقین و ورثاء کو تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔ خداوند متعال بحق ائمہ معصومین علیہم السلام شہداء کے درجات کو مزید بلند فرمائے اور تمام لواحقین وپسماندگان کو صبر جمیل و اجر جزیل عطا فرمائے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .